اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کواسکول جانےسےخوفزدہ کرنےوالے دہشت گردوں کوشکست دیں گے.
تفصیلات کے مطابق ملکی سیکیورٹی صورتحال پر سیاسی وعسکری قیادت نے پھر سرجوڑ لئے، سانحہ چارسدہ کے بعد سیکیورٹی معاملات پرگرفت کیلئے مزید اہم ترین اقدامات کے حوالے سے سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر آگئی۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اورکراچی آپریشن ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا گیا، اجلاس میں آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی، اور چوہدری نثار سمیت اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کو اسکول جانے سے خوفزدہ کرنے والوں کوشکست دیں گے۔ وزیراعظم کا کہناتھا کہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی لازوال قربانیاں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر کونے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیاجائے گا، قوم کادہشت گردی کےخاتمے کیلئےجذبہ غیرمتزلزل ہے،قومی ایکشن پلان پرکامیابی سےعملدرآمد ہرایک کیلئےاہم ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے حکومت کا عزم بلند ہے۔