اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی کل احتساب عدالت میں پیشی کے سلسلے میں وفاقی دار الحکومت میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ذرایع کے مطابق احتساب عدالت میں مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی پیشی کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے، احتساب عدالت کے داخلی و خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات ہوگی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، عدالت کے ارد گرد احتجاج کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی اسکینڈل میں گرفتاری کے بعد اسلام آباد منتقل کر دیا ہے، کل انھیں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی وجوہ سامنے آ گئیں
آج قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان کو کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے ٹھوس شواہد پر گرفتار کیا۔
ان پر الزام ہے کہا انھوں نے ایل این جی ٹرمینل ون کی بولی کی دستاویز کے لیے من پسند لیگل فرم کا استعمال کیا، انھوں نے یہ کام سوئی سدرن کی بہ جائے کیو ای جی کنسلٹنٹ کو دیا۔
نیب کے مطابق ای ای پی ٹی پی ایل کو ٹھیکا دینے کے لیے شاہد خاقان نے اثر و رسوخ استعمال کیا، ٹھیکے میں کمپنی مفاد کو ترجیح دینے پر قومی خزانے کو اربوں نقصان ہو رہا ہے۔