کراچی : پاک فوج نے سندھ کے شہروں کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے حامی بھرلی۔
اس حوالے سے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کو وزارت داخلہ کی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا معاملہ جی ایچ کیو کے ساتھ اٹھایا ہے۔
وزارت داخلہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ جی ایچ کیو نے کہا کہ الیکشن کے دوران اتنی بڑی تعداد میں تعیناتی ممکن نہیں اور پہلے درجے پرتعیناتی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق جی ایچ کیو پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں حساس پولنگ اسٹیشنز پر اہلکاروں کی تعیناتی ممکن نہیں ہے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ جی ایچ کیو پہلے کہہ چکا ہے کہ انتخابی عملے اور سامان کیلئے سیکیورٹی کور کرنا ممکن نہیں، الیکشن کمیشن500 حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کرے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ500حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر رینجرز کی تعیناتی کی جاسکتی ہے جبکہ الیکشن کمیشن 4ہزار پولنگ اسٹیشنز حساس اور ایک ہزار پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے چکا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق جی ایچ کیو نے واضح طور پر جواب دیا ہے کہ صرف 5سو پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کیلئے رینجرز اہلکار فراہم کرسکتے ہیں۔