لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان طے پایا گیا ہے جس کے تحت غیر ملکی کھلاڑیوں اور وی آئی پیز کی حفاظت پر ایلیٹ فورس کو مامور کیا جا ئے گا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو پی ایس ایل کے فائنل کے لیے لاہور میں سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں سیکیورٹی پلان کی منظوری لی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر کے اہم مقامات پر 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم آنے والے راستوں پر چار مقامات پر چیکینگ کی جائے گی اور تمام راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی بھی کی جا تی رہے گی۔
جب کہ اسٹیڈیم میں موجود ہر شخص پر کیمرے کی نظر ہو گی جس کے لیے اسٹیڈیم کے اندر 70 کیمرے نصب کردیے گئے ہیں جب کہ اسٹیڈیم کے بیرونی دروازوں پر 30 سے 40 کیمرے نصب کیے جائیں گے اس طرح اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے ہر شخص پر نگاہ رکھی جا سکے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں اور وی آئی پیز کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ایلیٹ فورس کو سونپی جائے گی جب کہ پورے شہر کی اور بالخصوص اسٹیڈیم کے باہر سیکیورٹی پاک فوج اوراسپیشل برانچ پولیس سنبھالیں گی۔
دریں اثناء اجلاس میں یکم مارچ کو نشتر اسپورٹس کمپلیکس کو بند ہوگا اور سینٹر پوائنٹ سے لبرٹی چوک تک کا راستہ عام تریفک کے بند ہوگا اس لیے شہریوں کو متبادل گذر گاہیں استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔