اسلام آباد: سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہوں گے ، اجلاسوں میں27 ویں آئینی ترمیم کا نامکمل ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج الگ الگ ہوں گے، جن میں 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد پارلیمانی امور نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاسوں میں 27 ویں آئینی ترمیم کا نامکمل ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا۔
سینیٹ اجلاس کے 7 نکاتی ایجنڈے میں قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کی رپورٹ پیش کی جائے گی، جو صحافیوں کے تحفظ سے متعلق ہے۔ اس معاملے کو مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی نے پہلے مرحلے پر اٹھایا تھا۔
حکومت زیر غور قانون سازی پر نیا بل بھی پیش کرے گی، جس کا مقصد زرعی تجارت کے فروغ اور خوراک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے علاوہ توجہ دلاؤ نوٹسز بھی سینیٹ ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے لیے 15 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے، جس میں متعدد اہم پارلیمانی اور قانون سازی کے امور شامل ہیں۔


