اسلام آباد (17 جولائی 2026): سینیٹ اقتصادی امور کمیٹی کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو کا کہنا ہے کہ ملک پر اتنا قرض چڑھ چکا کہ واپس کرنے کے لیے ملک گروی رکھنا پڑے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس چیئرمین سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا۔
سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ صوبے کو ملنے والے قرض کا اسی مقصد پر خرچ ہونا یقینی بنایا جائے۔ وزارت اقتصادی امور نے کہا کہ صوبہ جب قرض لیتا ہے تو ادائیگی کی ذمہ داری اسی کی ہوتی ہے۔
چیئرمین سیف اللہ ابڑو نے کہا ہے کہ قرض ملتا ہے تو اس پر وہاں کے عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قرض 40 ہزار ارب سے بڑھ کر 90 ہزار ارب تک جا پہنچا ہے۔ قرض واپس کرنا ہے، ایسے تو ملک گروی رکھنا پڑ جائے گا۔
خیبر پختونخوا حکام نے بتایا کہ کے پی میں ایک کلومیٹر سڑک کی تعمیر 7 کروڑ میں مکمل کی گئی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ پھر 770 کلومیٹر سڑکوں کی لاگت میں 43 ارب کا اضافہ کیوں ہوا؟ کے پی حکام نے بتایا کہ منصوبے میں سڑکوں کے ساتھ مختلف پُل بھی شامل تھے۔
چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کے پی حکام سے کہا کہ آپ نے صرف دو سے تین کمپنیوں میں کام بانٹ دیا۔ کے پی حکام نے بتایا کہ ایسا اس لیے ہوا کہ باقی کمپنیاں بڈنگ میں حصہ لینے نہیں آئیں۔ چیئرمین نے کہا کہ اس کا مطلب ہے آپ نے بڈنگ نہیں کرائی۔


