بدھ, ستمبر 16, 2026
اشتہار

سندھ میں ایچ آئی وی پھیلنے کا ذمہ دار کون؟ سینیٹ کمیٹی کے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے سخت سوالات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں ایچ آئی وی کیسز اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے سینیٹر ناصر بٹ نے استفسار کیا کہ ایچ آئی وی پھیلنے کا ذمہ دار کون ہے؟

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں سامنے آنے والے ایچ آئی وی کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وزیر محنت سندھ سعید غنی اور وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیر محنت سندھ سعید غنی نے بتایا کہ لانڈھی سیسی اسپتال میں ایچ آئی وی اسکریننگ کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 20 ہو گئی ہے۔

کمیٹی کے ارکان نے ایچ آئی وی کیسز اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھائے۔

سینیٹر ناصر بٹ نے استفسار کیا کہ ایچ آئی وی پھیلنے کا ذمہ دار کون ہے؟ جبکہ سینیٹر مسرور احسن نے کہا کہ ہر بار یہ مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے نظام خراب ہے، مگر عملی اقدامات نظر نہیں آتے۔

سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ کمیشن کا کام صحت کے اداروں کو ریگولیٹ کرنا ہے، ان کا انتظام چلانا نہیں، کمیشن میں 170 ملازمین کام کر رہے ہیں اور ریگولیٹری نظام کا آغاز تقریباً آٹھ سال قبل ہوا۔

اس پر وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 170 ملازمین کے ساتھ پورے سندھ کے صحت کے نظام کو مؤثر انداز میں ریگولیٹ کرنا ممکن نہیں۔

اجلاس کے دوران سی ای او نے اپنی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ روپے بتائی جبکہ وزارت صحت نے انکشاف کیا کہ مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے 5,243 پاکستانی مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، جن میں سے کراچی، پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر پانچ افراد ایچ آئی وی پازیٹو پائے گئے۔

بریفنگ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ سیسی ولیکا اسپتال سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے تحت رجسٹرڈ یا ریگولیٹ نہیں تھا۔

چیئرمین سینیٹ کمیٹی نے سوال کیا کہ ایچ آئی وی کیسز سامنے آنے سے قبل اسپتال کا معائنہ کیوں نہیں کیا گیا، جس پر متعلقہ حکام نے بتایا کہ اسپتال کمیشن کے ریگولیٹری دائرہ کار میں شامل نہیں تھا۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں