The news is by your side.

سینیٹ نشست: پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے امیدواروں کا اعلان کر دیا

مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے امیدوار نامزد کردیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے وقار مہدی کو سینیٹ کی خالی نشست پر امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔

سینیٹ کی مذکورہ خالی نشست پر الیکشن 8 دسمبر کو ہوگا جس کے لیے پارٹی نے وقار مہدی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

ایم کیوایم نے اعلان کیا ہے کہ پیپلز پارٹی سے ورکنگ ریلیشن شپ لیکن سینیٹ کی نشت پر الیکشن لڑیں گے، 8 دسمبر کو سینیٹ کی سندھ کی نشست پر ہونے والے انتخاب میں حصہ لیں گے سینیٹ کی سندھ کی نشست پر ایم کیو ایم پاکستان اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔

ایم کیو ایم نے امیدوار کی دستبرداری کی خبریں چلانے کی سختی سے تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گزشتہ ہفتے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں لکھا تھا کہ میری پارٹی کے ایک سینیئر لیڈر سے آج ملاقات ہوئی جس میں مجھے بتایا گیا کہ پارٹی قیادت میرے سیاسی مؤقف سے ناخوش ہے اور قیادت سینیٹ سے میرا استعفیٰ چاہتی ہے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ میں خوشی سے اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اپنا استعفیٰ پیش کروں گا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں