اسلام آباد : فیڈرل انویسٹی ایجنسی(ایف آئی اے) نے سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو کو جعلی قرار دے دیا، ویڈیو کا عالمی معیار کے مطابق تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر پھیلائی جانے والی اعظم سواتی کی ویڈیو جعلی ہے، ان سے منسوب فحش ویڈیو اور آڈیو کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ویڈیو اور آڈیو کا فریم ٹو فریم فرانزک تجزیہ کیا گیا ہے، ویڈیو آڈیو کا فرانزک انٹرنیشنل معیار کے مطابق کیا گیا ہے۔
ادارے نے بتایا ہے کہ انٹرنیشنل معیار کے فرانزک سے ثابت ہوا وڈیو میں ایڈیٹنگ کی گئی اور چہروں کو بگاڑ کر مختلف ویڈیوز اس میں شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی نے جو باتیں کی ہیں اس پر باضابطہ تحقیقات کی ضرورت ہے، اعظم سواتی ایف آئی اے کو درخواست دیں اور تمام تحفظات تحریر کردیں، بادی النظر میں جعلی ویڈیو اعظم سواتی کو بدنام کرنے کیلئے پھیلائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ رات مجھے میری بیوی کا فون آیا، میں نے پوچھا کہ کیا ہوا تو جواب میں ان کی چیخ و پکار تھی۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ میں نے فوراً بیٹی کو فون کیا اور کہا کہ اپنی ماں سے پوچھو کیا ہوا؟ تو اس نے اپنی ماں کو منایا تو میری بیٹی نے بتایا اسے کسی نے ویڈیو بھیجی ہے۔
مزید پڑھیں : میں پاکستان کی طرف سے اعظم سواتی کی اہلیہ سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، عمران خان
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میری بیٹی نے روتے ہوئے سسکیوں میں بتایا کہ ڈیڈی یہ ویڈیو آپ اور مما کی ہے، اعظم سواتی نے بتایا کہ میری بیوی اب ملک چھوڑ کر چلی گئی ہے۔