تازہ ترین

سینیٹر عرفان صدیقی بھی کرونا میں مبتلا

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کرونا کیسز میں خطرناک اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث وہاں مقیم سیاسی شخصیات بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کرونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے، ڈی ایچ اواسلام آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24گھنٹےمیں ریکارڈ747 کرونا کیس سامنےآئےہیں، جس کے باعث مثبت کیسزکی شرح ریکارڈ12.5فیصدتک پہنچ چکی ہے۔

کرونا کی تیسری لہر کے بڑھتے ہوئے وار کے باعث اسلام آباد میں رہائش پزید سیاسی رہنما بھی وائرس سے مبتلا ہونے لگے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے بعد نون لیگ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عرفان صدیقی بھی کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔

سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے طبیعت ناسازی کے باعث کرونا ٹیسٹ کرایا، جس کا نتیجہ مثبت آیا، کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آںے پر عرفان صدیقی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

اس سے قبل معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم کو کچھ علامات محسوس ہوئی تھی ، جس پر انھوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا، جس کا نتیجہ مثبت آیا، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر عمران خان نے تمام سیاسی سرگرمیاں ترک کردیں اور وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالہ منتقل ہوگئے۔

دوسری جانب ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کےدوران اسلام آباد میں کرونا کے3مریض انتقال کرگئے ہیں، اس وقت وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں کرونا کیلئےمختص46فیصدوینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔

Comments

- Advertisement -