میلبورن: بھارت کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں 7 سالہ بچہ آسٹریلوی ٹیم کا اعزازی کپتان ہوگا، بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ کل سے میلبورن میں شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سات سالہ آرچی شلر بھارت کے خلاف میلبورن میں شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے شریک کپتان ہوں گے، ننھا کرکٹر پیدائش کے بعد سے دل کے موذی مرض میں مبتلا ہے۔
سات سالہ آرچی شلر کے والد نے ان سے پوچھا کہ وہ کیا کرنا چاہیں گے تو ننھے بچے نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا چاہتا ہوں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بچے کی خواہش پوری کردی، گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کے دوران سات سالہ بچے کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
آرچی شلر نے بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ٹیم کے ساتھ پریکٹس بھی کی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، پیٹرہینڈ کمب کی جگہ مچل مارش 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔
کینگروز ٹیم کپتان ٹم پین، ایرون فنچ، مارکس ہیرس، عثمان خواجہ، شان مارش، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، پیٹ کمنس، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل وڈ پر مشتمل ہے۔
بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی کپتان، اجنکیا رہانے، میانک اگروال، ہنومان ویہاری، پجارا، روہت شرما، رشبپ پینٹ، رویندر جڈیجا، محمد شامی، ایشانت شرما، بمرا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی جبکہ پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔