اتوار, فروری 15, 2026
اشتہار

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا ساتواں کانووکیشن

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی، 13 جنوری 2026 — جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ساتویں کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صحت کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 570 سے زائد طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ یہ تقریب تعلیمی کامیابی، پیشہ ورانہ وابستگی اور طبی تعلیم میں جامعہ کی مسلسل ترقی کی عکاس تھی

کانووکیشن میں ملکی اور صوبائی سطح کی اہم قیادت نے شرکت کی، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین جناب بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر برائے جامعات و بورڈز اور پرو چانسلر شامل تھے۔ معزز مہمانوں بشمول جناب قائم علی شاہ کی شرکت نے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت اور پاکستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں جے ایس ایم یو کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ساتویں کانووکیشن سے خطاب میں کہا “آپ نے کرونا وائرس جیسی عالمی وبا، طبی ایمرجنسی اور ذہنی دباؤ جیسے مشکل حالات کا سامنا کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ایک عظیم ورثے کی حامل جامعہ ہے اور طب دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔ کوئی معاشرہ اس وقت تک مہذب نہیں کہلا سکتا جب تک وہ نرسز اور ڈاکٹروں دونوں کو یکساں عزت نہ دے۔ پاکستان کے طبی مسائل کا حل آپ کے علم، اخلاق اور عزم میں ہے۔ اپنی کامیابی کو عوامی خدمت سے جوڑے رکھیں، کیونکہ اس جامعہ نے صرف آپ کے کیریئر ہی نہیں بلکہ آپ کے کردار کو بھی سنوارا ہے۔”

“جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ترقی قابلِ تحسین ہے۔ یہ ادارہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بنیاد اور صدر آصف علی زرداری کی کاوشوں کا ثمر ہے۔ فارغ التحصیل طلبہ سے توقع ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کریں اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔”

وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر امجد سراج میمن نے ڈگریاں تفویض کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب میں کہا کہ اب تحقیق پر مبنی راستے پر مضبوطی سے گامزن ہے۔ جامعہ میں 10 پی ایچ ڈی پروگرامز کا آغاز کیا گیا ہے اور آٹزم سینٹر و ریہیبلیٹیشن سروسز قائم کی گئی۔ 10 فعال انسٹی ٹیوٹس کے ساتھ ہم ایک جامع میڈیکل تعلیم کا نمایاں مرکز بن چکی ہے۔ جیسے ہی آپ عملی زندگی میں قدم رکھیں، یاد رکھیں کہ آپ جامعہ کے سفیر ہیں—آگے بڑھیں اور سندھ کا نام روشن کریں۔”

کانووکیشن کا انعقاد جامعہ کی قیادت اور ایک متحرک کور کمیٹی کی زیر نگرانی عمل میں آیا۔ وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر امجد سراج میمن، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نگہت علی شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، چیئرپرسن کانووکیشن پروفیسر ڈاکٹر ہما علی اور کو چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر محمود حسین نے تقریب کے کامیاب انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے صوبائی قیادت اور تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب جے ایس ایم یو کی مسلسل تعلیمی ترقی، ڈیجیٹل اصلاحات، تحقیقی پروگراموں کے فروغ اور پی ایچ ڈی پروگرامز سمیت جدید تعلیمی و طبی اقدامات کی عکاس ہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ساتویں کانووکیشن میں مجموعی طور پر نمایاں تعلیمی اعزازات درج ذیل رہے۔ اس موقع پر کل 11 گولڈ میڈلز دیے گئے، جن میں 9 گولڈ میڈل فرسٹ پوزیشن اور 2 گولڈ میڈل آنرز اف بیسک میڈیکل اینڈ ڈینٹل سائنسز شامل تھے۔ اسی طرح کل 10 سلور میڈلز سیکنڈ پوزیشن پر اور کل 9 برونز میڈلز تھرڈ پوزیشن پر حاصل کیے گئے۔ کانووکیشن میں 9 طلبہ و طالبات کو مختلف پروگراموں کے بیسٹ گریجویٹ کے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں