کراچی : ماڈل اور اداکارہ ماورا حسین نے اداکار شان کو تنقید کا جواب دے دیا، تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماورا حسین نے اپنے مداحوں اوراداکار شان کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ شان جیسا سمجھ دار شخص میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شان کو چاہئیے تھا کہ تنقید کرنے کی بجائے مسئلے کا حل بتاتے، خط میں کہا گیا ہے کہ ہم لوگ اپنے ملک اور قوم کے دلوں میں اپنی جگہ بنائیں لیکن اداکار شان ہر موقع پر بات غلط سمت میں لے جاتے ہیں۔
کوئی بھی فنکار بھارت جاکر کام کرتا ہے تو شان اسی طرح انہیں اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، چاہے وہ میں ہوں ،علی ظفر ، فواد خان یا جاوید شیخ جیسے بڑے اداکار جنہوں نے بھارت جا کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنا کام جاری رکھوں گی اپنے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گی اور اپنا سر اونچا رکھوں گی، ان کا کہنا تھا کہ مجھے آپ جیسے لوگوں سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، اور نہ اپنے ملک اوراپنے لوگوں سے محبت کیلئے آپ کی اجازت کی ضرورت ہے۔
ماورا حسین کا کہنا تھا کہ شان آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ آپ ہمیں اپنا کام کرنے دیں کیونکہ ہمارے پاس کام ہے کرنے کیلئے۔
میں آپ کی بات کا کوئی رد عمل نہیں دیتی اگر آپ نے میرے ملک اور میرے مداحوں پر سوال نہ اٹھایا ہوتا، میں اپنے ملک کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہوں۔
واضح رہے کہ ماورا حسین نے اداکار شان کی جانب سے اٹھائےگئے سوال کہ’’کیا ہمیں ایسی اداکارہ پر پابندی عائد کرنی چاہیئے جو کہ پاکستان مخالف فلم کی حمایت کرے‘‘۔ کے جواب میں اپنے خط میں شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
Open Letter to My Fans & Mr Shan Shahid:My tweets were out of utter ignorance for I had not seen the trailer neither…
Posted by Mawra hocane on Sunday, August 30, 2015