The news is by your side.

Advertisement

شب برات آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

کراچی : رحمتوں، فضیلتوں اور برکتوں والی شب برات آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے، اس موقع پر مساجد کے بجائے لوگ گھروں میں انفرادی طور پر عبادات کریں گے۔

کرونا وائرس کی وبا کے سد باب کیلئے شب برأت کے حوالے سے پولیس اور مقامی انتظامیہ نے خصوصی منصوبہ بندی کرتے ہوئے لوگوں کو جمع ہونے سے روکنے کے لیے جامع پلان ترتیب دے دیا ہے۔

پولیس نے شب برات پر دفعہ144کی خلاف ورزی پر ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے، پولیس کی جانب سےشب برات پرعوام کو گھروں میں روکنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔

ماہ شعبان کی پندرھویں رات کو عام طور پر شب برات یعنی بری ہونے کی رات کہا جاتا ہے، اس رات مسلمان توبہ کرکے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور جہنم سے نجات پاتے ہیں، اس رات اللہ تعالیٰ کی طرف سے مسلمانوں کے لئے عام معافی کا اعلان ہوتا ہے۔اس لیے اس رات کو شبِ برات کہتے ہیں۔

اس رات کو لیلۃ المبارکۃ یعنی برکتوں والی رات، لیلۃ الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیلۃ الرحمۃ یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے۔

اس رات مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ استغفار کے لئے اللہ کے حضور سر بسجود ہوں گے۔ اس مقدس رات میں اسلام کی سربلندی، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور اخوت و بھائی چارے کے فروغ اور کرونا وائرس کی جان لیوا وبا سے چھٹکارے کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں