کراچی : شب برات کے موقع پر کراچی میں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی اور کہا گیا آتش بازی اور پٹاخوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
نیشنل آئی جی کراچی نے شب برات کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری کردی، تمام زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، قبرستانوں اور درگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور مرکزی شاہراہوں اور گلیوں میں پولیس موبائل اور موٹر سائیکل گشت بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شب برات کی محافل اور اجتماعات کے منتظمین اور ان کے رضاکاروں سے رابطہ رکھا جائے اور دہشت گرد عناصر، فورتھ شیڈول کے ملزمان اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
عوامی املاک اور اہم تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کے ساتھ آتش بازی اور پٹاخوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
ساتھ ہی، بم ڈسپوزل اسکواڈ الرٹ پر رکھا جائے گا اور ٹریفک روانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


