اشتہار

شباب کیرانوی:‌ پاکستانی فلم انڈسٹری کی ممتاز شخصیت

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستانی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں شباب کیرانوی کو ایک اہم شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنھوں نے فلم سازی کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کی ترقّی میں اپنا کردار ادا کیا۔ شباب صاحب شاعر بھی تھے اور بعد میں بطور ہدایت کار، اور مصنّف فلمی دنیا میں نام و مقام بنایا۔

شباب کیرانوی کا تعلق کیرانہ انڈیا سے تھا جہاں انھوں نے ضلع مظفر نگر (اُترپردیش) کے محنت کش حافظ محمد اسماعیل کے گھر میں آنکھ کھولی۔ والدین نے ان کا نام نذیر احمد رکھا۔ اسکول میں دورانِ تعلیم نذیر احمد کو شاعری کا شوق ہوگیا۔ وہ شعر کہنے لگے اور تخلّص ’’شباب‘‘ اپنا لیا۔ آبائی علاقہ کی نسبت سے شباب کیرانوی مشہور ہوگئے۔ تقسیمِ ہند کے بعد ان کا خاندان ہجرت کر کے لاہور آ بسا۔ یہاں شباب صاحب نے اپنے وقت کے معروف شاعر علامہ تاجور نجیب آبادی کے آگے زانوئے تلمذ تہ کیا اور باقاعدہ شاعری کرنے لگے۔ لاہور میں‌ فن و ثقافت کے متعلق سرگرمیاں عروج پر تھیں‌ جن میں شباب کیرانوی بھی شریک ہوتے اور یہیں شاعر، ادیب اور فن کار بھی اکٹھے ہوتے۔ اسی ماحول نے شباب کیرانوی کو فلم سازی اور کہانی لکھنے کی طرف مائل کیا۔ اس زمانہ میں لاہور فلمی مرکز تھا۔ شباب صاحب نے 1955ء میں فلم ’’جلن‘‘ سے بہ طور فلم ساز اپنا سفر شروع کیا۔ وہ اس کے نغمہ نگار ہی نہیں، بلکہ کہانی اور مکالمے بھی انہی کے تحریر کردہ تھے۔ اس طرح فلمی شاعر کے طور پر بھی یہی شباب کیرانوی کی اوّلین فلم تھی۔ بعد میں‌ شباب کیرانوی نے متعدد فلموں کے گیت لکھے جن میں زیادہ تر اُن کی اپنی بنائی ہوئی فلمیں‌ تھیں۔ شباب کیرانوی کے دو شعری مجموعے بھی شایع ہوئے تھے۔

1957ء میں فلم ٹھنڈی سڑک ریلیز ہوئی جس میں اداکار کمال پہلی بار اسکرین پر متعارف ہوئے۔ یہ بھی شباب صاحب کی فلم تھی۔ ان کی متعدد فلمیں باکس آفس پر کام یاب ہوئیں۔ ان میں ثریا، مہتاب، ماں کے آنسو، شکریہ، عورت کا پیار، فیشن، آئینہ، تمہی ہو محبوب مرے، انسان اور آدمی، دامن اور چنگاری، آئینہ اور صورت، انسان اور فرشتہ، وعدے کی زنجیراور میرا نام ہے محبت سرِفہرست ہیں۔

شباب کیرانوی کو بہترین ہدایت کار اور کہانی کار کے زمرہ میں‌ دو نگار ایوارڈ دیے گئے جب کہ ان کی متعدد فلموں کو مختلف زمروں‌ میں‌ فلمی دنیا کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔ شباب صاحب نے انڈسٹری کو کئی باصلاحیت فن کار بھی دیے اور ایسے چہرے متعارف کروائے جنھیں‌ فلم نگری میں بے پناہ شہرت اور مقبولیت ملی۔ اداکار کمال، بابرہ شریف، غلام محی الدین، ننھا، عالیہ، علی اعجاز، انجمن انہی کے توسط سے فلم انڈسٹری سے جڑے۔ 5 نومبر 1982ء کو شباب کیرانوی لاہور میں انتقال کرگئے تھے۔ انھیں‌ شباب اسٹوڈیوز کے احاطے میں‌ سپردِ خاک کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں