تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا

کراچی: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ نئے اسلامی ماہ شعبان المعظم 1441 ہجری کا چاند نظر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق شعبان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت محکمہ موسمیات میں ہوا جبکہ رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کا اجلاس لاہور، کوئٹہ پشاور سمیت دیگر علاقوں میں ہوا۔

شعبان کی چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا ،یکم شعبان المعظم کل بروز 26 مارچ جمعرات کو ہوگی، شب برات 8 اور 9 اپریل کی درمیانی شب ہوگی۔

شبِ برات کی اہمیت

ماہ شعبان کی پندرھویں رات کو عام طور پر شب برات یعنی بری ہونے کی رات کہا جاتا ہے، اس رات مسلمان توبہ کرکے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور جہنم سے نجات پاتے ہیں، بعض روایات کے مطابق رات اللہ تعالیٰ کی طرف سے اہل ایمان کے لئے عام معافی کا اعلان کیا جاتا ہے اور اُن کے تمام گناہ معاف بھی کردیے جاتے ہیں، اسی تناظر میں اس کا نام شبِ برات پڑا۔

اس رات کو لیلۃ المبارکۃ یعنی برکتوں والی رات، لیلۃ الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیلۃ الرحمۃ یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے۔

پندرہ شعبان کو مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ استغفار کے لئے اللہ کے حضور سر بسجود ہوتے ہیں اور خصوصی عبادات کے ساتھ اسلام کی سربلندی، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور اخوت و بھائی چارے کے فروغ کے لئے بھی خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔

شب برات کی اہمیت اور فضائل کو اجاگر کرنے کے لیے علمائے کرام خصوصی مجالس کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی اس رات کو ماننے والے اپنے عزیز و اقارب کی مغفرت کے لئے قبرستان جا کر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا خصوصی اہتمام بھی کرتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -