اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین شبر زیدی کا کہنا تھا کہ 2018 کے ٹیکس ریٹرن جمع کرانےکی تاریخ میں 2اگست تک توسیع کردی گئی لہذا نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی بڑی پریشانی سے بچیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تجارتی،صنعتی ،گیس ، بجلی صارفین کو اےٹی ایل میں شامل ہوناضروری ہے جبکہ 500 گزسے زیادہ کے گھر یا ہزارسی سی سے زیادہ کی گاڑی رکھنے والوں کو بھی ٹیکس ریٹرن لازمی جمع کرانا ہوگا۔
مزید پڑھیں: ہروہ شخص جو500 گز کے گھر کا مالک ہے، ریٹرن فائل کرنا ہوگا، شبر زیدی
یاد رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر کر کے تمام فائلرز کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے گوشوارے جمع کرادیں۔
گزشتہ حکومت میں مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد ریٹرن فائل کرنے والے شخص کو اضافی رقم بطور جرمانہ ادا کرنا پڑتی تھی اس کے علاوہ آڈٹ کے مرحلے سے بھی گزرنا پڑتا تھا البتہ تحریک انصاف نے گزشتہ معاشی سال میں بھی ریٹرن جمع کرانے والوں کو سہولت دی۔
یاد رہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال 2020-2019 کے لیے 70 کھرب 22 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا۔ جس میں سے ٹیکس وصولی کا ہدف 550 ارب روپے مختص کیا گیا۔