منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

یادِ رفتگاں: شبنم رومانی کی شاعری اور ہائیڈ پارک

اشتہار

حیرت انگیز

شبنم رومانی نے اردو ادب میں بطور شاعر، مصنّف اور کالم نگار نہ صرف اپنی پہچان بنائی بلکہ وہ متعدد ادبی تنظیموں کے پلیٹ فارم سے شعروسخن کے فروغ کے لیے بھی کوشاں رہے۔ آج شبنم رومانی کی برسی ہے۔

ادبی حلقوں اور باذوق قارئین میں شبنم رومانی کا نام ان کی خوب صورت شاعری کے ساتھ ان کے کالم بنام ہائیڈ پارک کے حوالے سے بھی مشہور تھا۔ شبنم رومانی 2009ء میں آج ہی کے روز انتقال کرگئے تھے۔

متحدہ ہندوستان کے مشہور شہر شاہ جہاں پور میں شبنم رومانی نے 30 دسمبر 1928ء کو آنکھ کھولی تھی۔ ان کا اصل نام مرزا عظیم بیگ چغتائی تھا۔ شاعری شروع کی تو شبنم تخلّص اختیار کیا۔ بریلی کالج سے بی کام کا امتحان پاس کرنے کے بعد تقسیمِ ہند کے ساتھ ہی وہ ہجرت کرکے کراچی آگئے۔ یہاں ملازمت مل گئی اور ساتھ ہی ادبی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ ادبی جرائد میں‌ کلام شایع ہونے کے علاوہ وہ مشاعروں میں‌ بھی شرکت کرنے لگے۔ پھر کالم نگاری کا سفر شروع ہوا اور ان کے قلم نے باذوق قارئین کی توجہ حاصل کی۔ شبنم رومانی کئی ادبی اور اشاعتی اداروں کے بانی اور مشیر رہنے کے علاوہ "ارباب قلم فاؤنڈیشن” اور "مجنوں اکیڈمی” کے اعزازی سیکریٹری اور "افکار فاؤنڈیشن” کے ٹرسٹی بھی رہے۔ ان کی ادارت میں سہ ماہی "اقدار” بھی شائع ہوتا رہا۔

ہائیڈ پارک کے عنوان سے ان کے ادبی کالم طویل عرصے تک روزنامہ مشرق میں شایع ہوتے رہے جو بعد میں‌ کتابی شکل میں‌ یکجا کیے گئے۔ شبنم رومانی کے شعری مجموعے مثنوی سیرِ کراچی، جزیرہ، حرفِ نسبت، تہمت اور دوسرا ہمالا کے نام سے اشاعت پذیر ہوئے۔ شبنم رومانی کی ایک مشہور غزل ملاحظہ کیجیے۔

تمام عمر کی آوارگی پہ بھاری ہے
وہ ایک شب جو تری یاد میں گزاری ہے

سنا رہا ہوں بڑی سادگی سے پیار کے گیت
مگر یہاں تو عبادت بھی کاروباری ہے

نگاہِ شوق نے مجھ کو یہ راز سمجھایا
حیا بھی دل کی نزاکت پہ ضربِ کاری ہے

مجھے یہ زعم کہ میں حسن کا مصور ہوں
انہیں یہ ناز کہ تصویر تو ہماری ہے

خفا نہ ہو تو دکھا دیں ہم آئنہ تم کو
ہمیں قبول کہ ساری خطا ہماری ہے

جہاں پناہ محبت جناب شبنمؔ ہیں
زبان شعر میں فرمان شوق جاری ہے

ان کے فن اور اسلوب کو ان کے ہم عصر شعرا اور سینئرز نے بھی سراہا اور اکثر مشاعروں میں وہ اپنے کلام پر عام سامعین ہی سے نہیں بڑے شعرا بھی سے داد پاتے تھے۔ پاکستان کے اس معروف شاعر کو عزیز آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں