پی ایس ایل 9 کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں شائقین کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم کے سامنے بابر اعظم کے نعرے لگانے پر شاداب خان کا ردعمل آگیا۔
دو روز قبل کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 9 کے دوسرے ایلیمنیٹر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 186 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا تھا۔
عماد وسیم نے 40 گیندوں پر 59 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی جبکہ حیدر علی نے 29 گیندیں کھیل کر شاندار 52 رنز اسکور کیے تھے۔
تاہم میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ عماد سے میری بات نہیں ہوئی لیکن مجھے دکھ ہوتا ہے عماد وسیم نے اتنے لمبے عرصے کے لیے پاکستان سے کھیلا، ایسی چیزیں جو شائقین کررہے ہیں اس سے بطور کھلاڑی محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے لوگ ایسا سلوک کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عماد وسیم ڈگ آؤٹ کی طرف آئے تھے تو شائقین کرکٹ نے بابر، بابر کے نعرے لگانے شروع کردیے تھے۔