The news is by your side.

Advertisement

شاداب خان پی ایس ایل ٹیم کے کپتان قرار

چار رکنی آزاد جیوری نے ٹیم آف دا ‘ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020’ کا اعلان کردیا ہے۔ جیوری نے ٹیم کی قیادت شاداب خان کے سپرد کی ہے۔

اس چار رکنی آزاد جیوری میں کمنٹیٹرز بازید خان، رمیز راجہ اور عروج ممتاز کے علاوہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹیکنکل کمیٹی کے رکن اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان شامل تھے۔

ایونٹ کے قواعد اور ضوابط کے تحت اعلان کردہ 12 رکنی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کی ٹیم میں چار غیر ملکی اورایک ایمرجنگ کرکٹر شامل ہیں۔ ایونٹ میں شریک پانچ مختلف ٹیموں کے کھلاڑی اس ٹیم میں جگہ بناسکے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں لاہور قلندرز کے 6، کراچی کنگز کے 3جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔

12 رکنی ٹیم آف دا ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 (بیٹنگ آرڈر میں )مندرجہ ذیل ہے:

بابراعظم (کراچی کنگز)، کرس لین (لاہور قلندرز)، ایلکس ہیلز (کراچی کنگز)، حیدر علی (پشاور زلمی)، محمد حفیظ (لاہور قلندرز)، شاداب خان ، کپتان (اسلام آباد یونائیٹڈ)، بین ڈنک، وکٹ کیپر (لاہور قلندرز)، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز)، محمد عامر (کراچی کنگز)، شاہین شاہ آفریدی (لاہور قلندرز)، محمد حسنین (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، فخر زمان، 12واں کھلاڑی (لاہور قلندرز)۔

اعلان کردہ ان 12 کھلاڑیوں میں سے بابراعظم وہ واحد کھلاڑی ہیں جو گزشتہ سال بھی ٹیم آف دا ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ تھے۔ انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 میں 30.45 کی اوسط اور 115.51 کے اسٹرائیک ریٹ سے 335 رنز بنائے تھے۔

ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کے انتخاب میں کرکٹ سے متعلق مختلف محرکات کو پیش نظر رکھا گیا، جن میں کھلاڑی کی انفرادی کارکردگی کے میچ پر اثرات، کھلاڑی کی فٹنس اور ٹیم کا بہترین کمبی نیشن نمایاں ہیں۔

شاداب خان:

شاداب خان نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے تاہم انہیں افسوس ہے کہ ان کی ٹیم پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مرحلے میں رسائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی تاہم ہم ایونٹ کے آئندہ ایڈیشن میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں