پیر, مارچ 17, 2025
اشتہار

اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ میں موت کے سائے، قیامت صغریٰ کے مناظر

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ: اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ میں ہر طرف موت کے سائے چھا گئے ہیں، قیامت صغریٰ کے مناظر دکھائی دے رہے ہیں اور شہر کھنڈرات کا سا منظر پیش کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ سمیت عالمی میڈیا رپورٹس میں بار بار فلسطینی محصور شہر غزہ میں بے رحم صہیونی فورسز کے ہاتھوں انسانی المیے کی طرف توجہ دلائی جا رہی ہے، لیکن فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فضائی بمباری چھٹے روز بدستور جاری ہے۔

حماس کے زیر انتظام غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی انسانی المیہ بن گئی ہے، مکمل محاصرے کی وجہ سے شہر میں پانی، بجلی، خوارک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، جب کہ ایندھن اور طبی سامان کی بھی ایک ہفتے کی سپلائی باقی رہ گئی۔

حماس حملوں میں 22 امریکیوں سمیت 1300 اسرائیلی ہلاک، 1200 فلسطینی شہید

اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں شہر کے رابطے کا نظام تباہ ہو چکا ہے، ہر طرف قیامت صغریٰ کے مناظر ہیں، اور شہر کھنڈر بن چکا ہے، ماؤں کی گود میں جگر گوشوں کے لاشے ہیں، ہنسنے کھیلتے بچے کفن میں لپٹے ہیں، جو بچے زندہ ہیں وہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں، زخمی بچوں کی پکار اور ماؤں کی آہ و بکا غزہ کی فضا پر چھائی ہوئی ہے۔

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے شہر میں شہید ہونے والوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی جا رہی ہے، اور شہدا میں کمسن بچے بھی شامل ہیں، نمازِ جنازہ کے مواقع پر جو رقت آمیز مناظر سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دیکھے گئے، لواحقین کی دُہائیوں نے ویڈیوز دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں