اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ این سی او سی میں صوبائی وزرا کا اجلاس 24 مارچ کو ہوگا جس میں صحت، تعلیم کے صوبائی وزرا شرکت کریں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ صوبائی وزرا کے ساتھ اجلاس میں تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے لکھا کہ طلبہ، اساتذہ اور تدریسی عملے کی صحت کا خیال اولین ترجیح ہے۔
The third coronavirus wave is serious; requires careful review. All education/health ministers will meet Wednesday March 24 at the NCOC to take a decision regarding opening or further closure of educational institutions. Health of students, teachers/staff primary consideration
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) March 21, 2021
علاوہ ازیں ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی کے کل ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کے فیصلے سمیت امتحانات کے لیے کھولے گئے اسکولوں کو بھی بند کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے علاقوں کو ریڈ زون میں رکھنے کی تجویز پیش کی جائے گی اور متعلقہ علاقوں میں انتہائی سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کا امکان ہے۔