The news is by your side.

Advertisement

14 اکتوبر کو عام تعطیل کا اعلان

کراچی : سندھ حکومت نے معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر 14 اکتوبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا اور نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی صفر کی 14 تاریخ کو معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کا 276 واں عرس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

اس ضمن میں سندھ حکومت نے صوبے میں تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 14 صفر یعنی 14 اکتوبر کو سندھ میں سرکاری دفاتر، اسکولز بند رہیں گے

خیال رہے ہر سال شاہ عبد الطیف بھٹائی کے عرس کی مناسبت سے سندھ میں عام تعطیل ہوتی ہے، معروف صوفی بزرگ کا مزار سندھ کے علاقے بھٹ شاہ میں واقع ہے جہاں عرس کے موقع پر تین روزہ تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، عرس کی تقریبات کا افتتاح مزار پر چادرچڑھا کرکیا جائے گا۔

عرس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے زائرین آتے ہیں جن کی آمد پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جائیں گے۔

واضح رہے  شاہ عبداللطیف بھٹائی سندھی زبان کے عظیم صوفی شاعر 18نومبر1689میں مٹیاری کے تعلقہ ہالا میں پیدا ہوئے، والد سید حبیب شاہ کا شمار برگزیدہ ہستیوں میں تھا، دینی تعلیم والد سے حاصل کی، اخوند نور محمد کی مشہور درسگاہ سے تعلیم حاصل کی۔

آپ نے سندھی شاعری سے لوگوں کی اصلاح کی آپ کا کلام شاہ جو رسالو کے نام سے مشہور ہے، شاہ عبداللطیف بھٹائی کا انتقال 63سال کی عمر میں بھٹ شاہ میں ہوا۔

عظیم صوفی بزرگ نے ساری زندگی لوگوں کو انسانیت کا درس دیا، ان کی تصنیف شاہ جو رسالو کا کئی زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں