The news is by your side.

Advertisement

پاکستان کے شاہ حسین ریو 2016 کے لیے کوالیفائی کر گئے

اسلام آباد: پاکستان کے جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ نے ریو اولمپکس 2016 کے لیے براعظمی کوٹے کی بنیاد پر کوالیفائی کرلیا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں انہیں شکست ہوئی تاہم پاکستان جوڈو فیڈریشن کی درخواست پر انہیں براعظمی کوٹے پر شامل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہ اس وقت قازقستان میں ہیں جہاں ریو اولمپکس کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلے جارہے ہیں۔ شاہ کو گروپ بی میں برازیل کے رافیل بزاکارنی سے شکست ہوئی۔ رافیل نے انہیں پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔

شاہ حسین ایشین چیمپئن شپ میں 2 بار برانز میڈل جیت چکے ہیں۔ اگر وہ اس ایونٹ میں سلور میڈل جیت جاتے تو وہ خود ہی براعظمی کوٹے میں شامل ہوسکتے تھے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن نے انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن سے شاہ کو براعظمی کوٹے میں شامل کرنے کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے شاہ کا نام کوالیفائنگ پلیئرز میں شامل کرلیا گیا۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد کا کہنا ہے کہ ادارے سمیت پاکستان اسپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی تعاون کی وزارت نے شاہ پر کافی محنت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگلی بار وہ پرانے کھلاڑیوں کو آزمانے کے بجائے نئے ٹیلنٹ پر محنت کریں گے۔

مسعود احمد کے مطابق جاپان میں ہونے والے اولمپک 2020 کے لیے وہ 2 نئے کھلاڑیوں قیصر خان آفریدی اور وجاہت سرور کو تیار کر رہے ہیں۔ قیصر کو اگلے ماہ مزید ٹریننگ کے لیے ایران بھی بھیجا جائے گا۔

شاہ حسین شاہ نے براعظمی کوٹے کی بنیاد پر اولمپک کے لیے کوالیفائی کیا تاہم ان کی رینکنگ میں کافی بہتری آگئی ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں