لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ سے ملاقات کی ہے، برطانیہ نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی یقین دہانی کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود کی لندن میں سیکریٹری آف اسٹیٹ فار فارن افیئرز جیرمی ہنٹ سے ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات 2016 سے شروع ہونے والے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے سلسلے کی کڑی تھی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے سیکورٹی سمیت متعدد شعبہ جات میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
شام محمود نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف یکساں احتساب پر یقین رکھتی ہے، ہم لوٹی دولت واپس لانا چاہتے ہیں، جس کے لیے اثاثہ جات ریکوری یونٹ بھی بنائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں بورس جانسن دوسرے مرحلے میں بھی آگے
وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں پلواما حملے کے بعد پیدا صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی، پاکستان حوالگی معاہدے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرے گا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی کرپشن کے خاتمے کی کوششیں خوش آیند ہیں، ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بات چیت آگے بڑھی ہے، ترقی کا راستہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خاتمے میں ہے۔
جیرمی ہنٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، برطانیہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال سیاسی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں کرے گا۔