ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ امریکا افغانستان میں امن کے قیام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا سے دونوں ملکوں میں تعلقات بہتر ہوں گے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا، روس اور چین نے افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغانستان میں امن کے لیے طاقت نہیں مذاکرات کرنا ہوں گے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کردی
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کا حالیہ دورۂ برطانیہ نہایت کام یاب رہا تھا۔
وزیر خارجہ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے 4 سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کر کے ملک دشمنی کی، ملک میں معاشی بحران کی ذمہ دار بھی سابقہ حکومت ہے، سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے، ماضی میں لٹیروں کو این آر آو دیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کا بجٹ مختص ہوا ہے، اور یہ پی ٹی آئی حکومت میں مختص ہوا۔