اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کردیا، بھارت فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ہم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے، سوچنے کی بات یہ ہے انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح اور دو ٹوک ہے، اس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہیں، اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے، لیگی قیادت کو بتانا ہوگا مولانا اجمل کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لے کر اسرائیل گئے؟
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ہم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب کا بہت بڑا وفد جلد پاکستان آرہا ہے۔ وفد میں سعودی وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی، سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کیا، بھارت اندرونی ناگفتہ صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر سکتا ہے، بھارت فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے، ہندوستان پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔ ای یو ڈس انفو لیب نے بھارت کے گھناؤنے عزائم کو مزید بے نقاب کردیا۔