اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چار ملکی دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے، انہوں نے افغانستان، ایران، چین اور روس کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چار ملکی اہم دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے، وزیرخارجہ نے افغانستان، ایران، چین اور روس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
اس چار ملکی اہم دورے کے دوران دوطرفہ تعاون، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغان مفاہمتی عمل پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چار ملکی دورے کے چوتھے اور آخری مرحلے میں روس کا دورہ کیا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی روسی ہم منصب سے ملاقات
اس دوران شاہ محمود کے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور امن و سلامتی پر گفتگو کی گئی تھی۔
قبل ازیں وزیر خارجہ چین کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل انہوں نے افغانستان اور ایران کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے ملاقات کی تھی۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں صدراتی محل میں افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی تھی۔