واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو اس وقت کثیر القومیتی بحران کا سامنا ہے، پاکستان سلامتی کونسل کی اصلاحات کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزرا خارجہ ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے معاملے پر بیشتر ممالک کا موقف ایک ہے، عالمی برادری کو اس وقت کثیر القومیتی بحران کا سامنا ہے، چند ممالک عالمی اتحاد کے اس مرحلے کا غلط استعمال کرنے کی کوشش میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ملک نے سلامتی کونسل میں مستقل نشست کے لیے متکبرانہ دعویٰ کیا، رکنیت، بین الحکومتی فریم ورک پر مبنی اصلاحاتی عمل کا تحفظ کیا جائے، ایسے حل کی کوششیں کرنا ہوں گی جسے زیادہ سے زیادہ قبولیت میسر آئے، اصلاحات کے لیے اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹھوس اور ضابطہ کار اصلاحات کے دونوں پہلوؤں کو الگ نہیں کیا جاسکتا، دونوں پہلو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اصلاحات نہایت پیچیدہ عمل ہے جس پر بنیادی اختلافات موجود ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جی فور کا تجویز کردہ یکجا متن اس خلا کو پر نہیں کرسکتا، ہمیں افریقا میں اپنے دوستوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سلامتی کونسل کی اصلاحات کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان چاہتا ہے سلامتی کونسل مزید جمہوری، جوابدہ، شفاف، فعال ادارہ بنے۔