The news is by your side.

Advertisement

”ن لیگی رہنما نواز شریف کو کہتے ہیں خان تو چلا گیا ہمیں پھنسا دیا“

اٹک: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اکستان دیوالیہ ہونے کی طرف جارہا ہے، لیکن پاکستان کی امپورٹڈ سرکار لندن میں بیٹھی ہے۔

اٹک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ ایم کیوایم کے لوگ لندن کی یاترا کیلئے جاتے تھے، آج لندن میں پاکستان کے گھس بیٹھیے بیٹھے ہیں، آج پاکستان کی امپورٹڈ سرکار لندن میں بیٹھی ہے۔ ن لیگی رہنما نواز شریف کو کہتے ہیں خان تو چلا گیا ہمیں پھنسا دیا ہے، کہتے ہیں پوری قوم خان کیساتھ کھڑی ہوگئی ہے ہم تنہا رہ گئے ہیں، ساری 11 جماعتیں ایک طرف اور عمران خان دوسری طرف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پنجاب آئینی بحران کا شکار ہے، شہباز شریف جس کو نامزد کرتا ہے صدر اسے منظور نہیں کرتا، شہباز شریف کہتا ہے حلف لے لو گورنر پنجاب حلف نہیں لیتا، آج پنجاب میں جو کچھ ہورہا ہے سب غیرقانونی ہے، پنجاب کی کابینہ سے غیر قانونی احکامات دیئے جارہے ہیں۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ 25 لوٹے چھوڑ جائیں تو کیا حمزہ شہباز وزیراعلیٰ رہے گا، اعتماد کا ووٹ لے سکے گا، عمران خان کہتے ہیں ملک کو بحران سے نکالنے کا ایک ہی راستہ ہے، اور وہ فوری انتخابات ہیں، کیا امپورٹڈ حکومت کے پاس کوئی اور راستہ ہے۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کی طرف جارہا ہے، امپورٹڈ حکومت بنے ایک ماہ ہوگیا ڈالر کہاں پہنچ گیا ہے، ایک ماہ میں اسٹاک مارکیٹ گرتی جارہی ہے، بجلی کی قیمت مسلسل بڑھائی جارہی ہے، کاشتکار کو ڈیزل نہیں مل رہا، نہروں میں پانی نہیں ہے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو احساس نہیں بھارت کیساتھ تجارت کا فیصلہ کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں، ایسے حالات میں کیا بھارت کیساتھ تجارت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت تیار ہوجاؤ عمران خان آرہا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں