لاہور : وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے پرویز الہی کو عمران خان کا پیغام پہنچادیا ، پرویز الہی نے کہا آج کی ملاقات سے متعلق چوہدری شجاعت کو اعتماد میں لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک چوہدری برادران کے گھر پہنچے تو چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزرا اور چوہدری برادران کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے حکومت کی حمایت سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں مونس الہی اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے ،اس دوران وفاقی وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کا پیغام چوہدری برادران تک پہنچایا گیا۔
دوران ملاقات طارق بشیر چیمہ نے ساڑھے تین سال میں پارٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر پی ٹی آئی وزراء نے کہا وزیراعظم عمران خان کو اس ساری صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات سے متعلق چوہدری شجاعت کو اعتماد میں لیں گے اور آئندہ ملاقات اسلام آباد میں ہو گی۔