اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لوگ پیپلز پارٹی سے تنگ آچکے، قوم کی نظریں اب عمران خان اور تحریک انصاف پر ہیں، پی ٹی آئی میں وزیر بننے نہیں، نیا پاکستان بنانے کے لیے شامل ہوا۔
اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں پی پی مضبوط ہوتی تھی آج وہاں لوگ عمران خان کو سن رہے ہیں، لوگ پی پی سے تنگ آچکے ہیں، قوم کی نظریں عمران خان اور تحریک انصاف پر ہیں، قوم کی نظریں ان چہروں کو تلاش کررہی ہیں جن کا دامن صاف ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرکے دکھائیں گے، پی ٹی آئی میں ایم این اے یا وزیر بننے نہیں، نیا پاکستان بنانے آیا ہوں، نیا پاکستان وہی بنا سکتا ہے جس کا دامن صاف ہو،کارکنوں سے وعدہ کرتا ہوں حق اور صداقت کے لیے ضرور بات کروں گا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر ہماری صفوں میں اتحاد ہوگا تو موجودہ طاقتیں کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،لوگ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے مایوس ہوچکے ہیں، کاشت کاروں کو ان کا پھل نہیں مل رہا ایسے وقت میں خوشی ہوتی ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔