اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کو ناکامیوں کا سامنا ہے، بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جارہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن یادیو اپنے منہ سے دہشت گردی کا اعتراف کرچکا ہے، ہم نے عالمی عدالت کے فیصلے کو قبول کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے اس نے کبھی تعاون نہیں کیا، ہماری سوچ مثبت ہے ہمیشہ حقائق دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم قانون کے دائرے میں آگے بڑھ رہے ہیں، بھارت میں انتہا پسند طبقے کی حکومت ہے، انسانی تقاضوں اور قانون کو نہیں دیکھا جاتا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی انتہا پسند حکومت اپنی رائے مسلط کرنے کی کوشش کرتی ہے، چین نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی بہت کوشش کی، بھارتی انتہا پسند حکومت نے چین کو بھی نہیں بخشا۔
یہ پڑھیں: بھارت نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی
انہوں نے کہا کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو بھی نشانہ بنایا، سری لنکا سے رویہ بھی سب کے سامنے ہے، ہندوتوا سوچ برقرار رہی تو بھارت سے بہتری کی توقع نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کردی، بھارت کی درخواست پر آج دوسری قونصلر رسائی دی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو پہلی قونصلر رسائی 2 ستمبر 2019 کو دی گئی تھی، کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ، اہلیہ کی 25 دسمبر 2017 کو ملاقات کرائی گئی تھی۔