لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کے دوران کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان دنیا میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہا ہے، منفی سوچ کی وجہ سے بھارت خطے کے ممالک سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں مسئلہ کشمیر، حکومتی اور سیاسی امور سمیت دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔
گورنر پنجاب نے مسئلہ کشمیر پر یورپی و برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے رابطوں کا بتایا جس پر وزیر خارجہ نے ان کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان دنیا میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہا ہے، منفی سوچ کی وجہ سے بھارت خطے کے ممالک سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بے نقاب ہو رہا ہے، اسے ہر محاذ پر شکست ہو رہی ہے، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر پر یورپی اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے رابطے میں ہوں۔ یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر کشمیر پر پاکستانی مؤقف کے ساتھ ہیں۔