اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرونا وبا غیریقینی مرحلے میں ہے، پاکستان مستقل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وفاقی وزیر خسروبختیار نے ملاقات کی جس میں ممکنہ اقتصادی بحران سے بچنے کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خسرو بختیار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ممکنہ اقتصادی بحالی کے مختلف مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا وائرس نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے، محدود وسائل کے سبب ایسے معاشی مضمرات کا ازالہ مشکل ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کو وِڈ نائنٹین کے کیسز 9749 ہو گئے، 209 مریض جاں بحق
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد روز بہ روز بڑھتی جا رہی ہے، 9749 افراد میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے، اموات بھی بڑھ کر 209 ہو چکی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کرونا وائرس کی صورت حال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، ملک میں وائرس کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 17 اموات واقع ہوئیں، جب کہ اس دوران کرونا وائرس کے 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کے 7 ہزار 384 مریض زیر علاج ہیں، اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے 2156 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ زیر علاج مریضوں میں 58 کی حالت تشویش ناک ہے۔