The news is by your side.

Advertisement

نوازشریف نے ہر ادارے کو روندنے کی ٹھان لی ہے، شاہ محمود قریشی

کراچی : پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ نوازشریف نے ہر ادارے کو روندنے کی ٹھان لی ہے، شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ممبئی حملے کے بعد پاکستان کامؤقف واضح تھا، حملوں کی اس وقت بھی مذمت کی تھی اور آج بھی کرتا ہوں۔

جس وقت یہ واقعہ ہوا میں بحیثیت وزیر خارجہ بھارت میں مذاکرات کیلئے موجود تھا، نئی دہلی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے اس وقت بھی یہ کہا تھا کہ یہ پاکستان کی سوچ نہیں ہے، کوئی مذاکرات سبوتاژ کرنا چاہتا ہے تو اسے سامنے لانا ہوگا۔

شاہ محمودقریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں صاحب ان طاقتوں کی حمایت کررہے ہیں جو ہم پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، نواز شریف کے بیان پر مجھے حیرانی ہے، ان کی گفتگو غیرذمہ دارانہ ہے، میاں صاحب نے اپنے آخری 4سالہ دورمیں اس مسئلے پر کیوں بات نہیں کی؟ پاکستان کے سابق وزیراعظم کے غیرذمہ دارانہ بیان پر افسوس ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لعنت سے پورا خطہ متاثر ہورہا ہے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا، بھارت کے پاس کوئی معلومات ہے تو شیئر کرے، بھارت نے تعاون کم اور الزام تراشیاں زیادہ کی ہیں، مسئلہ ایسے حل نہیں ہوگا، بھارت کے ساتھ پانی، کشمیر، سرکریک اور ویزوں کے مسائل ہیں۔

مزید پڑھیں: ممبئی حملوں میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں، نوازشریف کے بیان پربھارتی میڈیا چلّا اٹھا

اس کے علاوہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں، نااہل وزیر اعظم ایسے بیانات دے رہے ہیں جو ملک سے غداری کے زمرے میں آتے ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں