کولمبو : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، یہ ایک خود مختار ملک ہے جس کے ساتھ چاہے تعلقات استوار کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو روزہ دورہ سری لنکا کے اختتام اور قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سری لنکا ایک خود مختار ملک ہے، کسی بھی ملک کے ساتھ روابط سری لنکا کا اندرونی معاملہ ہے۔ جن ممالک کے ساتھ چاہے تعلقات استوار کرے یہ اس کا حق ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔
اس کے علاوہ پاک سری لنکا تجارت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، ہم مستقبل میں بھی آزادانہ تجارت کے معاہدے سے فائدہ اٹھائیں گے اور خدمات کے شعبے میں ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ سری لنکا کے مراسم گہرے اور دیرینہ ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں، دہشت گردوں کیخلاف کاررروائی میں پاکستان نے سری لنکا کا بھرپور ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرکے قطر روانہ ہوگئے ہیں، شاہ محمود قریشی نے دورہ سری لنکا میں اہم ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں سری لنکن قیادت سے تعلقات اور کثیرالجہتی اقتصادی تعاون پر گفتگو کی گئی۔
اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کل قطر میں کوالالمپورسمٹ کی وزارتی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔