پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

مبینہ پولیس مقابلے میں شاہ میر کی ہلاکت پر عدالت نے بڑا حکم جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (01 اپریل 2026): سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتا شہری شاہ میر کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں مبینہ ہلاکت کے معاملے پر اہم حکم جاری کرتے ہوئے پولیس رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ لاپتا شہری سے متعلق تفصیلات ریکارڈ پر آ چکی ہیں، لہٰذا درخواست کا مقصد پورا ہو گیا ہے اور اسے غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دیا جائے۔ تاہم عدالت نے اس استدعا کو مسترد کر دیا۔

آئینی بینچ کے رکن جسٹس سلیم جیسر نے پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درخواست نمٹانے کی بجائے کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو انکوائری کا حکم جاری کیا۔

کراچی میں لاپتا شاہ میر کا پولیس مقابلے میں مارے جانے کا انکشاف

درخواست گزار رانی خاتون نے عدالت کو بتایا کہ ان کے بھائی، ٹیکسی ڈرائیور شاہ میر، کو 14 اور 15 جنوری کی درمیانی شب سچل پولیس اسٹیشن کی حدود سے حراست میں لیا گیا۔ ان کے مطابق شاہ میر کی تلاش کے دوران 10 سے 12 موٹر سائیکل سواروں اور متعدد پولیس موبائلز نے کارروائی میں حصہ لیا۔

درخواست گزار کے وکیل حبیب احمد نے مؤقف اختیار کیا کہ اہلِ خانہ نے شاہ میر کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

سماعت کے موقع پر سچل پولیس کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے شاہ میر کی گمشدگی سے متعلق تھانے میں کوئی تحریری درخواست جمع نہیں کروائی تھی۔ مزید بتایا گیا کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ 17 جنوری کو شاہ لطیف پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت شاہ میر کے طور پر ہوئی۔

پولیس کے مطابق اس مبینہ مقابلے کی تفتیش الفلاح پولیس اسٹیشن میں جاری ہے۔

درخواست میں سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، ایس ایس پی ملیر اور ایس ایچ او سچل کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے کیس کی حساس نوعیت کے پیش نظر آزادانہ اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے ایف آئی اے کو معاملے کی چھان بین کی ہدایت کر دی ہے۔

+ posts

اصغر عمر اے آر وائی نیوز سے بطور کورٹ رپورٹر وابستہ ہیں

اہم ترین

اصغر عمر
اصغر عمر
اصغر عمر اے آر وائی نیوز سے بطور کورٹ رپورٹر وابستہ ہیں

مزید خبریں