ممبئی : بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا نےشاہ رخ خان اور کرن جوہر کو پاکستانی اداکاروں کےساتھ کام کرنے پر دھمکیاں دینا شروع کردیں۔
تفصیلات کےمطابق انتہاپسند جماعت نونرمن سنہا کی جنرل سکیریٹری شالینی ٹھاکرے کا شاہ رخ خان اور کرن جوہر کو کہنا ہے ’کیا آپ کو 125 کروڑ کی آبادی میں اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کے لیے کوئی ہندوستانی اداکار نہیں مل رہا جس کی وجہ سے آپ کو پاکستان جیسے ملک سے اداکاروں کو یہاں لانا پڑے‘۔
شالینی ٹھاکرے نےتمام فلم پروڈیوسرز کو وارننگ دی کہ وہ پاکستانی اداکاروں کو فلموں میں کاسٹ نہ کریں ایسا کرنے پر ان کو اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔
مزید پڑھیں:پاکستانی فنکاروں کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کی دھمکی
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے نامور اداکاروں کو 48 گھنٹوں کے دوران ہندوستان چھوڑنے کی دھمکی دی گئی تھی جن میں فواد خان، ماہرہ خان، علی ظفر، ماورہ حسین اور راحت فتح علی خان شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سری نگر میں بھارتی فوجی مرکز پر حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالتے ہوئے پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں دینا شروع کردی تھیں۔