ممبئی: کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے اداکار شاہ رخ خان بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی عیادت کے لیے اُن کے گھر پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق دلیپ کمار جو گزشتہ کئی برسوں سے علیل ہیں اُن کی عیادت کے لیے بالی وڈ کی دیگر شخصیات کے بعد اب شاہ رخ خان ان کی رہاہش گاہ پہنچے۔
شاہ رخ خان کی آمد پر دلیپ کمار خود اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو بے حد خوش ہوئیں اور کنگ خان کا شکریہ ادا بھی کیا۔
دلیپ کمار کے منہ بولے بیٹے شاہ رخ نے علالت کے بعد اب تک لیجنڈری اداکار کے گھر کا دو بار دورہ کیا، قبل ازیں ہونے والی ملاقات کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
دلیپ کمار کو نمونیا کی تشخیص
شاہ رخ خان جہاں دلیپ کمار کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں وہیں لیجنڈ اداکار نے بھی بالی وڈ بادشاہ کو اپنا منہ بولا بیٹا بنا رکھا ہے، دونوں اداکاروں کا یہ رشتہ اس قدر مضبوط ہے کہ لیجنڈری اداکار کی کنگ خان کو دیکھ کر طبیعت خوش گوار ہوجاتی ہے۔
ملاقات کے دوران لی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کنگ خان لیجنڈ اداکار کا ہاتھ تھامے کھڑے ہیں اور دلیپ کمار علالت اور ضعیف العمری کے باعث بہت کمزور ہوچکے ہیں۔
خیال رہے دونوں اداکار ماضی میں فلم ’’دیو داس‘‘ کے لیے کام کرچکے ہیں، فلم میں بہترین اداکاری پر شاہ رخ خان کو دلیپ کمار نے تالیاں بجا کر خراج تحسین بھی پیش کیا تھا۔
دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل
واضح رہے کہ 95 سالہ دلیپ کمار کی صحت رواں برس سے تیزی سے گر رہی ہے جس کی وجہ سے انہیں کئی بار اسپتال میں داخل کیا جاچکا ہے۔
گذشتہ برس دسمبر میں بھی انہیں دائیں پاؤں میں سوجن کے باعث اسپتال لےجانا پڑا تھا، جس کے بعد سے وہ مزید بیمار رہنے لگے ہیں۔
یاد رہے کہ دلیپ کمار نے کئی بالی ووڈ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تاہم اُن کی کامیاب فلموں میں مغلِ اعظم، شکتی، رام اور شیام وغیرہ شامل ہیں، لیجنڈری اداکار کی آخری فلم قلع 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔