تازہ ترین

شاہ رخ خان نے مداحوں کے دل جیت لیے

ممبئی: بالی وڈ کے ”بادشاہ“ شاہ رخ خان نے فلم ”پٹھان“ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ابھیشیک انیل تیواری کو خط لکھ کر مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

شاہ رخ خان اپنی بہترین اداکاری کے علاوہ اچھے اخلاق کی وجہ سے بھی پسند کیے جاتے ہیں۔ اداکار نے ابھیشیک انیل تیواری کے نام تعریفی خط لکھا ہے۔

انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے نام خط میں لکھا کہ فلم ”پٹھان“ بنانے کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کے ساتھ کام کرنے کا شاندار تجربہ رہا، آپ بہت انمول ہیں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ آپ کی محنت اور مسکراہٹ کی وجہ سے مشکل کام پایہ تکمیل تک پہنچا جو قابلِ تعریف ہے، مجھے آپ کی ڈرنکس کے ساتھ محبت بہت پسند آئی۔

فلم ”پٹھان“ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے اداکار کا خط فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر شیئر کر دیا ہے اور مداح شاہ رخ خان کے اخلاق کی خوب تعریفیں کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کے مطابق اس فلم کو 2023 میں 25 جنوری کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔ اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی نظر آئیں گے۔

شاہ رخ خان نے دپیکا پڈوکون کے ہمراہ حال ہی میں اسپین میں فلم کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔ دونوں ”پٹھان“ کے ایک گانے کے لیے وہاں خوبصورت مقامات پر شوٹنگ میں مصروف تھے۔

دپیکا پڈوکون نے شاہ رخ خان کے ساتھ پہلی بار ”اوم شانتی اوم“ میں اداکاری کی تھی اور ان کی کیمسٹری کو کافی پسند کیا گیا تھا۔

Comments

- Advertisement -