بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کرونا کی وبا کے بعد 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی فلموں کی ہیٹرک کرنے والے دوسرے بھارتی اداکار بن گئے۔
سال 2023 بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان کے لیے کامیابیوں کا سال رہا ہے۔ انھوں نے لگاتار تین بلاک بسٹر فلمیں دے کر پھر سے اپنا لوہا منوالیا ہے۔ پہلے ان کی فلم پٹھان، پھر جوان اور اب ڈنکی نے باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔
کورونا کی وبا کے بعد دوبارہ سے بھارتی سینما کھلنے پر دوسری بار ایسا ہوا ہے کہ کسی بالی وڈ ایکٹر نے 100 کروڑ فلموں کی ہیٹرک مکمل کی ہے۔
شاہ رخ سے قبل رنبیر کپور ایسے واحد اکلوتے اداکار تھے جنھوں نے کورونا کی وبا کے بعد لگاتار 100 کروڑ کی تین فلمیں ڈلیور کی تھیں۔ ان کی فلموں برہمسترا، تو جھوٹی میں مکار اور اینیمل نے بھارتی باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
رنبیر کی اینیمل نے تو باکس آفس پر کئی ریکارڈ بناتے ہوئے 500 کروڑسے زائد کا بزنس کیا تھا۔ اس کے علاوہ شاہ رخ کی جوان اس سال 640 کروڑ کے قریب کما کر ہندی فلموں کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی۔
بالی وڈ کنگ کی اس سال جنوری میں ریلیز ہونے والی فلم پٹھان نے بھی 543 کروڑ کی خطیر کمائی اپنی جھولی میں ڈالی تھی۔
اب شاہ رخ کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ڈنکی نے بھی 100 کروڑ سے زائد کی کمائی کرتے ہوئے بھارتی باکس آفس پر کامیابی کے جھنٹے گاڑ دیے ہیں۔
ڈنکی اب تک بھارتی باکس آفس پر128 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے جبکہ عالمی باکس آفس پر فلم کی کمائی 250 کروڑ کے ہندسے کو عبور کرچکی ہے۔