تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

سعودی عرب: کرونا وائرس کے تمام مریضوں کا علاج مفت کرنے کا شاہی فرمان

ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے آن لائن اجلاس میں کرونا وائرس سے متاثرہ تمام افراد بشمول اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج مفت کروانے کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا، کابینہ نے اندرون و بیرون ملک سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے صحت انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی پابندی پر سعودی شہریوں کو سراہا۔

اجلاس میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی سے متعلق خصوصی رپورٹ پیش کی گئی، کابینہ نے تمام متعلقہ اداروں خصوصاً وزارت صحت کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

سعودی کابینہ نے اس بات پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا کہ شہریوں کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے سلسلے میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔

اجلاس کے بعد قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے بتایا کہ کابینہ نے کہا کہ تمام سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مفت فراہم کرنے کا شاہی فرمان انسانیت نوازی کی علامت ہے۔

کابینہ نے تجدید پذیر توانائی کے شعبے کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ کمیٹی تشکیل دی جس کا سربراہ ولی عہد کو مقرر کیا گیا۔ وزیر توانائی کو اسپین میں ایٹمی سلامتی کونسل کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے سلسلے میں معلومات کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت کا اختیار بھی تفویض کیا گیا۔

وزیر داخلہ کو انٹر پول کے ساتھ مملکت میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا ریجنل آفس قائم کرنے کے لیے معاہدے کا اختیار سپرد کیا گیا۔

اجلاس میں متعدد تقرریاں بھی کی گئیں، ڈاکٹر ریما بنت صالح العذل کو نجی اداروں اور دیمہ بنت عبد العزیز آل الشیخ کو این جی اوز کا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -