فیصل آباد: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور ان کا خاندان عوامی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے، اسکینڈل کی انگلینڈ اور پاکستان کے اندر تحقیقات کرائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امداد اور خیرات کا مال بھی کھالیا گیا ہے، مافیا پہلے پیسوں کی پیشکش کرتا ہے بات نہ بنے تو دھمکیاں دیتا ہے، کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ خبریں آرہی ہیں کہ شہباز شریف نے امدد کا مال بھی کھایا، پہلے یہاں کا مال کھایا جاتا تھا اب امداد کھانے کے اسکینڈل بھی سامنے آرہے ہیں، جیل والے چیک کرکے نہ بھیجیں تو یہ لوگ جیل کا سامان بھی چوری کرلیں گے۔
شہباز گل نے کہا کہ ادارے آزادانہ احتساب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، ہماری حکومت کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنارہی ہے، ہم وہ حکمران نہیں جو یہ کہیں کہ آپ کو قربانی دینی چاہئے۔
مزید پڑھیں: شہبازشریف نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں لاکھوں پاؤنڈ کی خورد برد کی، برطانوی اخبار
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ایک ایک پائی جمع کریں گے، سیکیورٹی کے 80 فیصد اخراجات کم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپوزیشن کے 40 سے 45 ایم پی ایز ہمارے ساتھ ہیں، ہماری حکومت نے صحت کے ترقیاتی بجٹ میں 46 بلین رکھے ہیں، ہڑتال سے مسئلے ختم نہیں ہوں گے، ہم تاجر برادری کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں لاکھوں پاؤنڈ کی خوردبرد کی، خادم اعلیٰ نے ڈی ایف آئی ڈی فنڈ پروگرام سے بھی چوری کی۔