لاہور: حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی ضمانت کے بغیر علاج کرانے سے انکار کر دیا.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. شہباز گل کا کہنا تھا کہ نوازشریف عدالت سے اپنی ضمانت ہونے کا انتظار کرنا چاہتے ہیں.
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ نوازشریف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کریں گے، آپ جس اسپتال میں علاج کرانا چاہتے ہیں، ہم تیار ہیں، نوازشریف کے علاج سے انکار کی وجہ سے مسائل پیش آرہے ہیں.
انھوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک قیدیوں کو جیل مینول کے مطابق چلنا پڑتا ہے، نوازشریف نے علاج کرانے سے انکارکیا تو ہمیں خصوصی اقدامات کرنا پڑے، بلاول بھٹو کی نوازشریف سے کیا بات ہوئی، اس کا حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں.
مزید پڑھیں: حکومت پنجاب نے نواز شریف کو علاج کے لیے سندھ بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی
انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو چلنے پھرنے بات کرنے میں بظاہر کوئی مشکل نہیں، وہ صحت مند معلوم ہوتے ہیں.
یاد رہے کہ آج شہباز گل نے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کے ساتھ خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر نواز شریف سندھ میں علاج کرانے چاہتے ہیں، تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں.