اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو مزید زیر علاج رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ پمز کے ڈاکٹرز نے شہباز گل کو طبی معائنے کے بعد آج صبح تک کارڈیک سینٹر میں زیر علاج رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ پر ڈاکٹرز کی مشاورت جاری ہے، اس وقت ان کی مجموعی طور پر صحت تسلی بخش ہے، اور انھیں بدستور لو فلو آکسیجن دی جا رہی ہے، شہباز گل کے کچھ ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں، جن میں کرونا رپورٹ بھی شامل ہے۔
شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری، اسپتال منتقل
میڈیکل بورڈ آج صبح شہباز گل کا دوبارہ معائنہ کرے گا، اور پھر میڈیکل رپورٹ پولیس کے حوالے کی جائے گی، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر شجیع، ڈاکٹر عاطف میڈیکل بورڈ کا حصہ ہیں۔
شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ آج سیشن عدالت کے ڈیوٹی مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان نے طلب کر رکھی ہے، اڈیالہ جیل سے واپس آنے کے بعد تفتیشی افسر کو ملزم شہباز گل کا جلد میڈیکل کروانے کا حکم دیا گیا تھا، تفتیشی افسر میڈیکل رپورٹ آج صبح عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔
گزشتہ رات ڈاکٹرز کی تجویز پر شہباز گل کی ای سی جی ٹیسٹ کیا گیا تھا، اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کی ای سی جی مکمل طور پر نارمل نہیں ہے، شہباز گل کو طویل عرصہ سے سانس کا عارضہ لاحق ہے۔