تازہ ترین

شہباز شریف کا عمران خان پر توشہ خانہ سے کروڑوں کی گھڑی، ہار اور انگوٹھی بیچنے کا الزام

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر توشہ خانہ سے کروڑوں کی گھڑی، ہار اور انگوٹھی بیچنے کا الزام عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو حق ہے جلسے جلوس کریں تاہم انتشار اور بد امنی کی طرف نہیں جانا چاہئے، کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی مگر قانون اپنا راستہ لے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف شرائط سخت ہیں مگر جانا پڑے گا اور لنگرخانے بند نہیں کریں گے بجلی کارخانے بد انتظامی،خام تیل نہ ہونے کے باعث بند پڑے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلاکر سابق سفیرکوبلائیں گے ، ہمارابیانیہ صرف کام ہے کام کرتے رہیں گے۔

تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ استعفے دینا پی ٹی آئی کا حق ہےایوان کام کرتا رہےگا، سابق حکومت نے چینیوں پر نشتر چلائے لیکن ہماری حکومت پر عالمی رد عمل حوصلہ افزا ہے۔

شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو 9،8 کروڑ کی گھڑی ملی وہ دبئی میں بیچ دی ، عمران خان نے ایک ہار اور انگوٹھی بھی بیچ دی۔

نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جب ڈاکٹر اجازت دیں گے واپس آئیں گے۔

دوسری جانب فوادچوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں شہباز شریف کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گھڑی پر شہبازشریف کو اعتراض کیا ہے ، گھڑی میری ہے بیچ دوں تو ان کو کیا اعتراض ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کنفیوژ ہیں انھیں سمجھ نہیں آرہا الزام کیسے لگانا ہے، عمران خان پر کیچڑ اچھالنے سے یہ خود گندے ہورہےہیں ، عمران خان تک کیچڑ پہنچ نہیں رہا الٹا یہ خود کالے ہورہےہیں۔

Comments

- Advertisement -