The news is by your side.

Advertisement

شہبازشریف اور حمزہ کی پیرول پر رہائی منظور

پنجاب حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق یہ منظوری پنجاب کابینہ کی جانب سے دی گئی ہے جس میں مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی دی جائے گی۔

پرول پر رہائی شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر (مرحوم) کی میت لندن سے لاہور پہنچنے سے شروع ہوگی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت کی لندن سے روانگی میں تاخیر کا امکان ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ نوازشریف کی والدہ کی میت جمعرات کو روانہ کی جائے گی، میت روانگی کیلئے ضروری کاغذات آج تیار ہو جائیں گے، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، این اوسی اور دیگرکاغذات کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میت کے ساتھ برطانیہ سے پاکستان کون جائے گا، ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا۔

ن لیگ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطا تارڑ نے بتایا کہ بیگم شمیم اختر کے جسد خاکی کے ہمراہ نواز شریف ساتھ نہیں آئیں گے، شریف میڈیکل سٹی میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی پرول پر رہائی کے لیے درخواست دے دی ہے، وزیراعلیٰ نے درخواست کابینہ سب کمیٹی برائے داخلہ کو بھجوا دی ہے، عثمان بزدار نے رہائی کا اختیار کابینہ کی سب کمیٹی کو دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ نواز اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 93 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئیں تھیں۔

ان کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی سمیت ملک بھر کی سیاسی و مذہبی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ۔

Comments

یہ بھی پڑھیں