لاہور : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف آج جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے، جس میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی۔
مولانا فضل الرحمٰن کے گھر ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت اور پی ڈی ایم کی تحریک کے آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
دونوں رہنما پی ڈی ایم کا لانگ مارچ کامیاب بنانے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے جبکہ ضمنی مالیاتی بل کی منظوری ناکام بنانے کی حکمت علی پرغور کیا جائے گا۔
یاد رہے دو روز قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں حکومت کے خلاف تحریک اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں منی بجٹ پر حکومت کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے کا بھی اعادہ کیا گیا تھا۔